یلاپور:12؍ دسمبر(ایس اؤ نیوز ) تعلقہ کے منچی کیری اور گُلّاپور دیہات اور اترکنڑا ، شیموگہ ، ہاویری اضلاع کے 18مندروں میں چوری کی وارداتوں کو انجام دینےکے بعد فرار ہوئے 2بین اضلاع چوروں کو گرفتارکرتےہوئے نقد سمیت 19لاکھ 20ہزار 285روپیوں کی ملکیت کو یلاپور پولس نے ضبط کرلیا ہے۔
ملزموں کی شناخت ہاویری ضلع رٹی ہلی تعلقہ لنگ دیور کوپا کی پرائمری اسکول کاٹیچر وسنت شیوپا تمباکد(40) اور رانی بنور تعلقہ گڈدبیون دیہات کے مکین ڈرائیور سلیم جمال صاحب کمار(28) بتائی گئی ہے۔ اترکنڑا ضلع اور دیگر اضلاع کی مندروں میں چوری کرنےو الے ملزموں نے 18جنوری 2022کو تعلقہ کے منچی کیری دیہات کی مہا گج لکشمی مندر کا دروازہ توڑ کر عطیہ ڈبی پھوڑ کر 3ہزار روپئے نقد، 10 ہزار روپئے مالیت کی پیتل کی گھنٹیاں ، 20ہزارروپئے مالیت کی کڈائی ، 10ہزارروپئے مالیت کے سی سی ٹی وی ، ڈی وی آر چرائے تھے۔ اسی دن تعلقہ کے گلاپور دیہات کے شیوویاگھریشور مندر کا قفل توڑکر 13500روپئے مالیت کے اشیاء لوٹ کر لے گئے تھے۔ دونوں معاملات کو لےکر یلاپور پولس تھانےمیں کیس درج ہواتھا۔ یلاپورپی ایس آئی سریش یلور کی قیادت میں تشکیل دی گئی پولس ٹیم نے چوروں کاسراغ لگاتےہوئے چرائے گئے اشیاء اور نقد کو ضبط کرنےمیں کامیاب ہوئی ہے۔
پوچھ تاچھ کے دوران ملزموں نے بتایا کہ ملزمان پچھلے تین چار برسوں سے تعیش کی زندگی کےلئے چوری کی وارداتوں کو انجام دے رہے تھے اور کہیں بھی کسی کے ہاتھ نہیں لگے تھے۔ اترکنڑا، شیموگہ ، ہاویری اضلاع میں ہونےو الی چوریوں میں ملوث ہونےکو ملزموں نے قبول کیا ہے۔ اترکنڑا ضلع ایس پی وشنو وردھن ، ایڈیشنل ایس پی سی ٹی جئےکمار ، ڈی وائی ایس پی روی نائک کی رہنمائی میں یلاپور کے پی ایس آئی سریش یلور کی قیادت میں پی ایس آئی منجوناتھ گوڈر، امین صاحب عطار، شیام پاؤسکر، پروبیشنری پی ایس آئی ادئیے سمیت دیپک نائک، محمد شفیع، پرشورام کالے ، پروین پجار وغیرہ کارروائی میں شریک تھے۔
نقد اور ضبط شدہ اشیاء: 2لاکھ 29ہزارروپئے نقد۔ 12لاکھ
روپئےمالیت کی ماروتی نکسا کار، 30ہزارروپئے مالیت کی بجاج پلاٹینا بائک، 50 ہزار روپئے مالیت کے 9گرام وزنی سونے کے زیورات، 1لاکھ 80ہزار400سو روپئے مالیت کے تین کے جی 400گرام وزنی چاندی کے اشیاء، 1لاکھ 45ہزارروپئے مالیت کے 140پیتل کی گھنٹیاں ، 39550روپئے مالیت کے 27شمع دان، 9600روپئے مالیت کے 22پیتل کے جھولنے والے شمع دان، 13500روپئے مالیت کے 7تامبے کے گھڑے ، 13235روپئے مالیت کے پیتل اور تامبے کے اشیاء، 10ہزار روپئے مالیت کے سی سی ٹی وی ، ڈی وی آر کو پولس نے ضبط کرلیا ہے۔
چوری کے معاملات : اترکنڑا ضلع کے یلاپور میں 2، بنواسی میں 3، سرسی (دیہی )1، انکولہ میں 2، شیموگہ ضلع کے رپن پیٹ میں 3، شہر میں 1، ہوس نگر میں 1، ہاویری ضلع کے ہاویری (دیہی ) میں 2، ہونسبھاوی میں 2اور ہیرے کیرو ر میں 1 چوری کے معاملات درج ہوئے تھے۔